برقی شاک سے فوت ہونے والوں کیلئے معاوضہ میں اضافہ مختلف نمائندگیوں کے بعد حکومت تلنگانہ کا فیصلہ

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اپریل : ( آئی این این) : حکومت تلنگانہ نے محکمہ برقی کی لاپرواہی کے باعث برقی شاک سے فوت ہونے والوں کے لیے معاوضہ کی رقم میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ متحدہ ریاست آندھرا پردیش میں یہ معاوضہ 50,000 روپئے تھا جب کہ حکومت تلنگانہ نے اس میں 2 لاکھ روپئے تک اضافہ کیا تھا ۔ مختلف لوگوں کی جانب سے کی گئی نمائندگی کے بعد حکومت نے اب 16 سال سے زیادہ عمر والوں کے لیے 4 لاکھ روپئے تک اضافہ کیا ہے اور فوت ہونے والے 16 سال کم عمر والوں کے لیے اس رقم کو ایک لاکھ روپئے سے بڑھا کر 2 لاکھ روپئے کیا گیا ہے ۔ معاوضہ کی رقم اسسٹنٹ ڈائرکٹر آف الیکٹرسٹی ڈپارٹمنٹ ( اے ڈی اے ـ آپریشنس ) کی جانب سے تصدیق کے بعد ہی ادا کی جائے گی ۔ یہ عہدیدار یہ معلوم کریں گے کہ آیا موت محکمہ کی لاپرواہی کے باعث ہوئی ہے ۔ معاوضہ کا ادعا کرنے کے لیے متوفی کے ارکان خاندان کو ڈیتھ سرٹیفیکٹ ایف آئی آر کاپی ، پوسٹ مارٹم رپورٹ اور پوسٹ مارٹم پنچنامہ کاپی حاصل کرنا ہوگا ۔ وہ این پی ڈی سی ایل کے ویب سائٹ سے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں ۔۔