ٹاسک فورس کے دھاوے ‘ ہر ماہ ہزارہا چوری کے مقدمات
حیدرآباد ۔ 20جون ( سیاست نیوز) برقی سرقہ کی روک تھام کیلئے ڈسکام نے اسپیشل مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے اور کھلے برقی تاروں کے ذریعہ ہونے والے برقی چوری کو روکنے کور کنڈکٹر برقی تار نصب کرنے کی تجویز رکھتا ہے ۔ ڈسکام عہدیداران کی جانب سے تشکیل شدہ ٹاسک فورس ٹیم مختلف علاقوں کا اچانک دھاوا کرتے ہوئے برقی سرقہ کا پتہ لگارہی ہیں ۔ ٹاسک فورس باقاعدہ گریٹر زون ‘ نارتھ ‘ ساؤتھ اور سنٹرل زون سرکلس میں دورے کے ذریعہ برقی سرقہ کا پتہ لگانے میں مصروف ہیں ۔ باقاعدہ ماہانہ ایک ہزار مقدمات درج کئے جارہے ہیں اور ساتھ ہی بڑے جرمانے بھی عائد کئے جارہے ہیں ۔ ٹی ایس ‘ ایس پی ڈی سی ایل کو سالانہ 200کروڑ کا نقصان ہونے کی وجہ سے اس میں کمی لانے کے مقصد سے خصوصی اقدامات کا آغاز کررہی ہے ۔ برقی سرقہ کے معاملہ میں پکڑے جانے کی صورت میں پہلی مرتبہ کیس درج کیا جائے گا اور دوسری مرتبہ پکڑے جانے کی صورت میں جیل روانہ کیا جائے گا ۔ ڈسکام ٹاسک فورس عہدیداران مقامی اے ڈی ای اور اے آئیز کے ساتھ مل کر مختلف مقامات پر اچانک دھاوے کررہے ہیں ۔ ایک سرکل میں 10 افراد پر مشتمل ٹاسک فورس ٹیمیں کام کررہی ہیں ۔ ایک علاقہ میں 2000 – 1500 کنکشنس کی تنقیح کررہے ہیں جو افراد میٹر میںچھیڑ چھاڑ کررہے ہیں یا گھریلو استعمال کے نام پر برقی کنکشن لیکر تجارتی اغراض کیلئے استعمال کررہے ہیں ایسے افراد کے خلاف کیسیس درج کررہے ہیں ۔ مختلف علاقے جیسے لنگر حوض ‘ مہدی پٹنم ‘ گولکنڈہ ‘ سیتارام باغ ‘ بورہ بنڈہ ‘ چندرائن گٹہ اور کاٹے دھن وغیرہ میں اچانک دھاوے کرتے ہوئے برقی سرقہ کے واقعات کو منظر عام پر لارہے ہیں ۔ مسٹر پی ناگابھوشنم سنٹرل سرکل سی آئی نے بتایا کہ برقی سارقین کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ برقی میٹرس کام نہ کرنے کی صورت میں یا برقی منقطع ہونے کی صورت میں مقامی عہدیداران کو اطلاع دیں اور میٹرس کو کسی بھی طرح کا وائر نہ لگائیں ۔