نئی دہلی ۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف اپنے لفظی حملے جاری رکھتے ہوئے نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج اُن سے استفسار کیاکہ خانگی کمپنیوں سے اونچی شرحوں پر برقی کی خریداری میں عوامی رقم ضائع کیوں کی گئی۔ ’’روزانہ ایک سوال‘‘ سیریز میں تیسرا سوال پوچھتے ہوئے راہول نے مودی سے دریافت کیاکہ 2002-16 ء کے درمیان 4 خانگی کمپنیوں کے خزانے 62,549 کروڑ روپئے کی برقی خرید کر کیوں بھر دیئے گئے۔ راہول نے وزیراعظم سے ٹوئٹر پر سوال کیاکہ اسٹیٹ پاور یونٹس کی گنجائش میں 62 فیصد کٹوتی کرتے ہوئے کیوں خانگی کمپنیوں سے 24 روپئے فی یونٹ شرح پر برقی خریدی گئی جو بالعموم 3 روپئے فی یونٹ پیدا کی جاسکتی تھی۔ کیوں سرکاری رقم برباد کی گئی۔ راہول نے برسر اقتدار بی جے پی سے جوابدہی کے احساس کے ساتھ کام کرنے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ سابقہ انتخابات میں ریاست سے زعفرانی پارٹی نے جو وعدے کئے اُن کا حساب بتائیں۔
’’22 سالوں کا حساب ۔ گجرات مانگے جواب‘‘ یہ وزیراعظم کے لئے راہول کے سوالات کے ساتھ تحریر کیا جانے والا فقرہ ہے۔