لندن ۔ 22 مئی (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ میں آج زلزلہ کا معمولی جھٹکا محسوس کیا گیا جس کی شدت ریختر پیمانہ پر 4.2 نوٹ کی گئی اور کسی جانی یا مالی نقصان کی بھی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ دریں اثناء برٹش جیولوجیکل سروے (BGS) میں برسرکار ماہرین زلزلیات نے بھی زلزلہ کے جھٹکوں کی توثیق کی جو ملک کے مختلف حصوں بشمول رامس گیٹ محسوس کیا گیا۔ بی جی ایس کے ترجمان نے بتایا کہ کینٹ کے علاقہ سینڈوچ میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے اور لوگ خوفزدہ ہوکر اپنے مکانوں سے باہر نکل آئے۔ کینٹ پولیس نے بتایا کہ کینٹ فائر بریگیڈ خدمات کو بھی مکانات منہدم ہونے یا آتشزدگی کی کوئی شکایات موصول نہیں ہوئی۔