لندن ، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ نے پاکستان جانیوالے مسافروں کیلئے سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو اسلام آباد کے سفر کے دوران محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے جبکہ برطانوی ہائی کمیشن کے عملے کو بھی دھرنوں کے دوران شہر تک محدود رہنے کی ہدایت کی گئی اور اسلام آباد اور گلگت کے درمیان شاہراہ قراقرم پرسفر نہ کرنیکا مشورہ دیا گیا ہے۔ برطانوی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں مسافروں کو کہا گیا ہے کہ وہ قبائلی علاقوںچارسدہ، کوہاٹ، ٹانک، بنوں، لکی مروت کا سفر نہ کریں، اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل، سوات، بونیر، لوئردیر بھی سفر سے گریز کیا جائے۔ پشاور سے جنوبی اضلاع اور چترال کا بذریعہ روڈ اور بلوچستان کے شمالی اور مشرقی علاقوں کا سفر نہ کرنیکا مشورہ بھی دیا گیا ہے۔