برطانیہ میں گرم موسم لوٹ آیا، پارکوں کی رونقیں بحال

لندن ۔ 17 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) برطانیہ کے مختلف علاقوں میں جمعہ کے روز موسم گرم اور انتہائی خوشگوار ہوگیا۔ جس کے بعد لوگوں نے پارکوں اور ساحل سمندر کا رخ کرلیا۔ ان کی رونقیں بحال ہوگئیں۔ لوگوں کی بڑی تعداد اپنے کاموں سے فارغ ہوکر پارکوں میں پہنچی اور گرم موسم کا خوب لطف اٹھایا۔ سورج کی حدت کی وجہ سے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ خوشگوار موسم آج (ہفتہ کو) مزید بہتر ہوجائے گا اور درجہ حرارت 24 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گا۔ جبکہ اتوار کے روز بھی موسم خوشگوار رہے گا اور درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے کئی دن قبل اس خوشگوار موسم کی پیشن گوئی کی تھی۔ برطانوی عوام طویل عرصے سے جاری بارشوں اور سرد موسم سے تنگ آگئے تھے۔