برطانیہ میں انتخابات کیلئے آج رائے دہی، کانٹے کا مقابلہ متوقع

لندن ۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے انتخابات کیلئے ووٹنگ کل ہوگی۔مختلف عوامی سروے اور پول کے مطابق برطانوی انتخابات میں لیبر اور کنزرویٹوز میں کانٹے کے مقابلے کا امکان ہے جبکہ ایس این پی اور لب ڈیم کنگ میکر پارٹیا ں بن سکتی ہیں۔برطانوی ایوان زیریں یعنی دارالعوام کی کل 650 میں سے 326 نشتیں لینے والی پارٹی تنہا حکومت بنا سکتی ہے۔تاہم انتخابات سے ایک روز پہلے تک مختلف سروے اور ماہرین کی رائے کے مطابق کوئی بھی جماعت تنہا حکومت بنانے کی پوزیشن میں نہیں لگتی۔ دونوں بڑی جماعتوں لیبر اور کنزرویٹوز میں کانٹے کا مقابلہ ہے اور انھیں حکومت سازی کیلئے کسی تیسری جماعت یا اتحادیوں کی مدد درکار ہو گی۔مختلف سروے رپورٹس کے مطابق انتخابات سے ایک دن پہلے تک سیاسی جماعتوں کی مقبولیت اور متوقع نشستوں پر کامیابی کا تناسب کچھ یو ں ہے۔

کنزرویٹوز اور لیبر کی مقبولیت 34 فی صد ہے۔کنزرویٹو کم سے کم 273 اور زیادہ سے زیادہ 289 نشستیں جیت سکتی ہے۔لیبر کم سے کم 257 اور زیادہ سے زیادہ276 نشستیں جیت سکتی ہے۔اسکاٹش نیشنل پارٹی کی مقبولیت 12 فیصد ہے اور یہ کم از کم 47 اور زیادہ سے زیادہ 56 نشستیں جیت سکتی ہے۔لیبرل ڈیموکریٹ کی مقبولیت 9 فی صد ہے اور یہ کم از کم 18 اور زیادہ سے زیادہ 28 نشستیں جیت سکتی ہے۔یو کے انڈی پینڈنس پارٹی کی مقبولیت 12 فی صد ہے اور یہ ایک سے 3 نشستیں جیت سکتی ہے جبکہ گر ین پارٹی کم از کم ایک نشست جیت سکتی ہے۔2010 ء کے انتخابات میں کنزرویٹو نے 306لیبر نے 258،لیبرل ڈیموکریٹ نے 57،اسکاٹش نیشنل پارٹی نے 6 اور ڈی یو پی نے 8 نشستیں جیتی تھی۔