برطانیہ :طلبا ویزا کی نئی پالیسی

لندن ۔ 27 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ نے طلبا ویزا کی نئی پالیسی بنائی ہے جس کے بعد بیرون ملک سے آئے طلبہ تعلیم مکمل ہوتے ہی ویزے کو ورک ویزے میں تبدیل کراسکیں گے۔ پالیسی کا اطلاق 11جنوری سے ہوگا۔نئی پالیسی کے مطابق بیرون ملک سے برطانیہ آئے طالب علم تعلیم مکمل ہونے سے چند ماہ قبل ہی ورک ویزے کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔میئر لندن صادق خان نے نئی پالیسی کی حمایت کی تھی اور برطانیہ جا کر تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کی تعداد میں کمی کی جانب توجہ دلائی تھی۔نئی پالیسی سے قبل موجودہ قوانین کے تحت طالب علموں کو ورک ویزا کیلئے ڈگری ملنے کا انتظار کرنا پڑتا تھا۔

لیبیا: تیل کی اہم پائپ لائن پر حملہ
طرابلس ۔ 27 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) لیبیا میں خام تیل کی ایک بڑی پائپ لائن کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ یہ واقعہ ملک کے شمال مشرقی علاقے مرادا کے پاس پیش آیا۔ لیبیا کی سرکاری نیشنل آئیل کارپوریشن کے مطابق اس حملے کے بعد تیل کی سپلائی میں یومیہ ایک لاکھ بیرل کی کمی واقع ہوئی ہے، جس سبب قیمتوں میں 2015 ء کے بعد بہت زیادہ اضافہ ہواہے ۔ یہ پائپ لائن بحیرہ روم کے قریب قائم تیل کی تقسیم کے ایک اہم مقام کو تیل سپلائی کرنے کے کام آتی تھی۔ تاحال یہ واضح نہیں کہ پائپ لائن کو دھماکے سے کس نے اڑایا ہے۔