برطانیہ، فرانس و جرمنی غزہ میں جنگ بندی کیلئے کوشاں

نیویارک 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) جرمنی، برطانیہ اور فرانس غزہ میں فائربندی کے لیے کوشاں ہیں۔ یہ تینوں ممالک اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد پیش کرنے پر غور کر رہے ہیں، جس سے اس تنازعے کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ گزشتہ ماہ سے جاری اس مسلح تنازعے میں دو ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس قرارداد میں غزہ کا اسرائیلی محاصرہ ختم کرنے اور فائربندی کی مؤثر نگرانی کی تجویز پیش کی جائے گی۔ اس قرارداد میں غزہ کے لیے اشیائے خورد و نوش اور دیگر سامان کی فراہمی کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ یہ کوششیں ایسے موقع پر کی جا رہی ہیں، جب گزشتہ روز غزہ پٹی کے جنوبی شہر رفح میں ایک اسرائیلی فضائی کارروائی میں عسکریت پسند تنظیم حماس کے تین اعلیٰ کمانڈر ہلاک ہو گئے۔