حیدرآباد 19 فبروری ( سیاست نیوز) روٹری کلب آف حیدرآباد کی جانب سے آج بطروانی موسیقار مسٹر پیٹے لاکیٹ کو ’’پنڈت جسراج ۔ روٹی کلب آف حیدرآباد ایوارڈ فار کراس کلچرل انڈرسٹانڈنگ‘‘ دیا گیا ۔ بھاسکر آڈیٹوریم میں منعقدہ اس ایوارڈ تقریب میں برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ( حیدرآباد) مسٹر اینڈریو مائیکلسٹر‘ مسز درگا جسراج‘ مسٹر ملاڈی واسو دیو ڈسٹرکٹ گورنر‘ مسٹر رضوان حیدر صدر روٹی کلب آف حیدرآباد ‘مسٹر ایم اے وحید ‘مسٹر مدھو سدن جھجھن والا‘ مسٹر ستیش کمار ‘مسز انا پورنا شاستری اور دیگر موجود تھے۔ قبل ازیں ڈسٹرکٹ گورنر روٹری کلب مسٹر ایم واسو دیو نے اپنے مختصر خطاب کے دوران روٹری کلب آف حیدرآباد کی سرگرمیوں بالخصوص سماجی و تہذیبی سرگرمیوں کی سراہنا کرتے ہوئے بتایا کہ روٹری کلب کے یہ پروگرامس فنکاروں کی حوصلہ افزائی کا سبب بنتے ہیں۔ پنڈت جسراج روٹری کلب آف حیدرآباد ایوارڈ فار کراس کلچرل انڈر سٹانڈنگ کی ابتداء سال 2007-08 میں ہوئی اور پہلا ایوارڈ بھرت ناٹیم کیلئے محترمہ ریحانہ خان کو دیا گیا جبکہ سال 2008-09 کے لئے پدم شری ڈاکٹر ریلینا کیٹارسٹی کو اوڈیسی کیلئے دیا گیا ۔ اسی طرح سال 2009-10 میں مسٹر جسٹن میک کارٹی کو دیا گیا جو کہ امریکی ہونے کے باوجود بھرت ناٹیم میں مہارت رکھتے تھے۔ 2010-11 میں یہ ایوارڈ ڈچ کے شہری مسز سسکیا راو دے ہاس کو دیا گیا۔ 2011-12 میں جاپانی نژاد فنکار مسٹر تاکاپرو زرائی کو دیا گیا ۔ 2012-13 میں اس ایوارڈ کیلئے مسٹر ایٹسگارن کا انتخاب کیا گیا جو کہ امریکی شہری تھے ۔ 2013-14 یعنی سال گذشتہ یہ ایوارڈ مسٹر کین ذکر میں کو دیا گیا تھا اس سال برطانوی فنکار جو کہ طبلہ و دیگر ہندوستانی موسیقی آلات بجانے میں مہارت رکھتے ہیں انہیں یہ ایوارڈ پیش کیا گیا ۔ ایوارڈ تقریب کے بعد مسٹر پیٹے لاکیٹ نے اپنے منفرد فن و مہارت کا مظاہرہ کیا جس سے مشاہدین دم بخود رہ گئے ۔