بردوان دھماکہ :ایک اور ملزم کی تدفین

بردوان 21 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بردوان دھماکے کے ایک اور ملزم شکیل احمد عرف شکیل غازی کی آج تدفین عمل میں آئی کیونکہ اس کے آبائی موضع کا پتہ نہیں چل سکا۔ شکیل احمد اور عبدالکریم کے بارے میں شبہ ہے کہ ان کا تعلق جماعت الدعوہ بنگلہ دیش سے ہے اور 2 اکٹوبر کو بردوان ٹاون میں آئی ای ڈی دھماکہ میں وہ ہلاک ہوگئے تھے۔ بم دھماکہ کے بعد سے شکیل احمد کی نعش بردوان میڈیکل کالج کے مردہ خانہ میں رکھی گئی تھی آج اسے اہلیہ رضیہ بی بی کے حوالے کردیا گیا۔ رضیہ بی بی کو بھی دھماکہ کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ اس وقت این آئی اے تحویل میں ہے ۔ آج اسے شیر خوار لڑکی کے ساتھ کولکتہ سے بردوان پولیس اسٹیشن لایاگیا اور اس کی موجودگی میں شکیل احمد کی عالم گنج قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ ایک اور ملزم عبدالکریم کی نعش 12 نومبر کو ارکان خاندان کے حوالے کی گئی تھی اور ضلع بربھوم کے آبائی گاوں میں اس کی تدفین عمل میں آئی تھی۔