براڑی خودکشی مقدمہ :کتا بھی فوت

نئی دہلی23جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) شمال مشرقی دہلی کے براڑی علاقہ میں ایک ہی کنبہ کے گیارہ لوگوں کے خودکشی کرنے کا صدمہ ان کا کتا بھی برداشت نہیں کرسکا اور حادثہ کے محض 22 دن بعد اس دنیا کو الوداع کہہ گیا۔۔ پوسٹ مارٹم کے بعد پیر کو نوئیڈا میں اسے دفنا دیا گیا۔30جون کی رات کو براڑی میں رہنے والے بھاٹیہ کنبہ کے گیارہ لوگوں نے موت کو گلے لگا لیا تھا۔ پورے کنبہ کے خودکشی کرلینے کے بعد ان کے کتے ‘ٹامی’ کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں رہ گیا تھا۔ اسے نوئیڈآ میں واقع ہاوس آف اسٹے اینیملس نامی رضاکار تنظیم کوسونپ دیا گیا تھاجہاں اتوار کی شام چھ بجے اس کی دل کی دھڑکن رک جانے سے موت ہوگئی۔تنظیم کے بانی سنجے مہاپاتر نے کہا کہ ٹامی یہاں لانے کے بعد سے اکثر سست رہتا تھا۔ اس کی پوری دیکھ بھال کی جارہی تھی لیکن اتوار کو شام چھ بجے دل کی دھڑکن رک جانے سے اس کی موت ہوگئی۔ اس کی اطلاع دہلی پولیس اور نوئیڈا پولیس کو دی گئی۔ ٹامی کو پوسٹ مارٹم کے بعد پیر کی صبح گیارہ بجے نوئیڈا کے سیکٹر 57 میں واقعہ علاقہ میں دفنا دیا گیا۔