برازیل :بینک لوٹنے کی کوشش، فائرنگ میں 12 ہلاک

ریو ڈی جینرو ۔8 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) برازیل میں بینک لٹیروں اور پولیس کے درمیان ہوئی فائرنگ میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوگئے ۔مقامی انتظامیہ کے مطابق ملاگریس شہر میں 30 مسلح بدمعاشوں نے دو بینکوں میں لوگوں کو یرغمال بناکر لوٹ مار کرنے کی کوشش کی جسے پولیس کی مستعدی کی وجہ سے ناکام بنادیا گیا ۔ملاگریس کے میئر لیلسن لینڈم نے بتایا کہ لٹیروں نے بینک لوٹنے کی غرض سے سٹی سنٹر آنے سے قبل ایک ٹرک چرایا تاکہ شہر کی اہم سڑکوں کا راستہ بند کیا جا سکے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور لٹیروں کے درمیان فائرنگ شروع ہو گئی۔ تقریباً 20 منٹ تک جاری فائرنگ میں چھ بدمعاشوں اور یرغمالیوں کے طور پر پکڑے گئے تین نابالغوں کی موت ہو گئی۔کچھ بدمعاش جائے واقعہ سے بھاگنے میں کامیاب رہے پولیس انہیں تلاش کررہی ہے ۔

جنوبی کوریا میں ہائی اسپیڈ ٹرین کے پٹری سے اترجانے سے 14 افراد زخمی
سیول۔8 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا میں ہفتہ کے دن شمال مشرقی علاقے میں ایک تیز رفتار ٹرین جس میں 198 مسافر تھے پٹری سے اترگئی جس میں 14 افراد معمولی زخمی ہوگئے ۔ کوئی بھی سنگین طور سے زخمی نہیں ہے ۔ کورین ریل روڈ کارپوریشن کے ایک افسر نے بتایا کہ تیز رفتار ٹرین کی دسوں بوگیاں گنگیانگ شہر سے آج صبح روانہ ہونے کے پانچ منٹ بعد پٹری سے اتر گئیں۔ کورین ریل افسر نے بتایا کہ بہت زیادہ سردی ہونے کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔لینڈ انفراسٹرکچر اور نقل وحمل کی وزارت کے ایک افسر نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ٹرین کے پٹری سے اترنے کے اسباب کا پتہ حتمی طور سے نہیں ہوپایا ہے ۔ مزید تفتیش جاری ہے ۔