جے پور،06 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے ضلع کوٹپتلی میں آج علی الصبح نامعلوم بدمعاشوں کے ذریعہ پولیس پر کی گئی فائرنگ میں ایک پولیس کانسٹبل شدید طور سے زخمی ہوگیا۔فائرنگ میں زخمی پولیس کانسٹبل کو کوٹپتلی اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن اس کی نازک حالت کو دیکھ کر ڈاکٹروں نے اسے جے پور سوائی مان سنگھ اسپتال ریفر کر دیا۔ حادثہ کی اطلا ع ملتے ہی پولیس کے سینئر افسران جائے وقوع پر پہینچ گئے اور بدمعاشوں کی گرفتای کے لئے تلاشی مہم شروع کر دی۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ سانورمل ناگورا نے بتایا کہ آج علی الصبح تقریبا تین بجے پولیس کو چوکیاں علاقے سے تین بدمعاشوں کے ذریعہ 17 ہزار روپیئے لوٹ کر فرار ہونے کی اطلاع ملی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس نے جگہ جگہ ناکہ بندی کر کے تلاشی مہم شروع کر دی۔انہوں نے بتایا صبح تقریبا ساڑھے تین بجے بہروڈ پنیسرمارگ پر پولیس نے ناکے بندی کے دوران اسکارپیو کو روکنے کی کوشش کی تو اس میں سوار بدمعاشوں نے فائرنگ شروع کردی،بدمعاشوں کی اچانک کی گئی فائرنگ میں سبھاش یادو نامی کانسٹبل زخمی ہوگیا۔انہوں نے بتایا کہ بدمعاشوں کی فائرنگ کے دران پولیس نے ان کا پیچھا جاری رکھا اور آخر میں بدمعاش اسکارپیو کو چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔پولیس نے زخمی کانسٹبل کو اسپتال پہنچایا جہاں سے اسے جے پور ریفر کر دیاگیا۔