حیدرآباد۔/2اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے الزام عائد کیا کہ ریاست تلنگانہ میں ’ دورلا پالنہ ‘ ( ذی اثر و جاگیر دارانہ ذہن رکھنے والوں کی حکومت ) چل رہی ہے ۔ اور کہا کہ محض بیڑی ورکروں کی جانب سے جدوجہد کرنے کے نتیجہ میں ہی ویملکا کے خلاف کیس درج کیا گیا اور تلنگانہ میں آٹا ماٹا اور باٹا ( کھیل، راستہ و بات ) بند کردینا ہی تلنگانہ راشٹرا سمیتی کا اہم مقصد ہے۔ آج یہاں پارٹی ترجمان راجا رام یادو نے اس شدید ردعمل کا اظہار کیا اور تلنگانہ حکومت کے اختیار کردہ طرز عمل پر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا، رکن پارلیمان نظام آباد شریمتی کے کویتا کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شریمتی کویتا ایم پی نظام آباد کرپٹ قائدین کی سربراہ بن کر رہ گئی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مانجرا میں 100 کروڑ روپئے مالیتی ریت مافیا چلارہی ہیں اور ملک سے غذاری کے کیس میں ملزم رہنے والے شکیل جو شریمتی کویتا کے خصوصی ساتھی بن گئے ہیں اور ڈرگ کیس میں گرفتار ہونے والے پی روی کمار کی جانب سے منظم کردہ مس تلنگانہ مقابلہ کے ’لوگو‘ کی شریمتی کویتا نے رسم اجراء انجام دی تھی۔