بحرین کا امریکہ سے ہتھیار خریدنے کا فیصلہ

واشنگٹن،2مئی(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے محکمہ خارجہ نے بحرین کو 91 کروڑ 14 لاکھ ڈالر مالیت کے ہیلی کاپٹروں اور ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے ۔امریکہ کی دفاعی سکیورٹی تعاون ایجنسی کے ایک بیان کے مطابق ”اس سودے کے تحت بحرین کو 12 اے ایچ 1 زیڈ لڑاکا ہیلی کاپٹر، 26 انجن، متعدداقسام کے دسیوں میزائل اور راکٹ، میزائل پلاننگ، کمیونیکیشنز آلات اور الیکٹرانک وار فیئر سسٹمز فروخت کیے جائیں گے ”۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ”ان ہتھیاروں اور فوجی سازوسامان کی فروخت سے امریکہ کی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کو تقویت ملے گی۔اس دفاعی امداد سے امریکہ کے خطے میں ایک غیر ناٹو اہم اتحادی ملک کی سیکورٹی میں بھی بہتری آئے گی ”۔ اس سودے کے تحت امریکہ، بحرین کے فوجیوں کو تربیت اور تربیتی آلات بھی دے گا۔ امریکی حکومت اس چھوٹی سی خلیجی ریاست کو انجنیئرنگ، ٹیکنیکل اور لاجسٹکس خدمات بھی مہیا کرے گی۔