حیدرآباد 3 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے 7 مارچ سے شروع ہونے والے بجٹ سیشن کے پیش نظر تلنگانہ ریاستی کابینہ کے اہم اجلاس کا 5 مارچ کو انعقاد متوقع ہے۔ یہ اجلاس چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی صدارت میں 5 مارچ کو 4 بجے شام منعقد ہوگا اور اس سلسلہ میں تمام وزراء کو بھی اطلاع دے دی گئی ہے۔ اس کابینہ کے اجلاس میں 7 مارچ سے شروع ہونے والے اسمبلی کے بجٹ سیشن کے لئے حکمت عملی کو قطعیت دی جائے گی۔ اسمبلی اجلاس میں حکومت تلنگانہ مکمل بجٹ برائے سال 2015-16 ء پیش کرنے کی روشنی میں توقع ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کی تنقیدوں کا مؤثر انداز میں جواب دینے کیلئے تیاری کے ساتھ اسمبلی اجلاس میں آنے کی چیف منسٹر اپنے تمام کابینی رفقاء کو ضروری ہدایات دیں گے۔ علاوہ ازیں ضروری اطلاع و تفصیلات تمام وزراء کو فوری طور پر فراہم کرنے کی چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما کو چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے قبل ازوقت ہی ہدایت دے رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اپوزیشن ارکان بعض شکوک و شبہات کے تعلق سے واضح طور پر جوابات دینے مکمل تیاری کے ساتھ اسمبلی اجلاس میں شرکت کرنے کی وزراء کو کابینی اجلاس میں ضروری ہدایت دینے کی توقع ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمبلی کے بجٹ سیشن کے موقع پر دونوں ایوانوں (کونسل اور اسمبلی) سے مشترکہ طور پر خطاب کیلئے مرتب کئے جانے والے گورنر کے خطبہ کو بھی کابینہ کے اجلاس میں منظوری دی جائے گی۔ علاوہ ازیں بجٹ تقریر میں بھی وزیر فینانس کی جانب سے پیش کئے جانے والے حکومت کے اہمیت کے حامل پروگراموں و اسکیمات سے متعلق بھی کابینہ کے اجلاس میں تفصیلی غور و خوض کے بعد منظوری دی جائے گی۔