حیدرآباد۔/20اگسٹ، ( سیاست نیوز) صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش قانون ساز اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے واضح طور پر کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کی راجدھانی وجئے واڑہ کو بنانے پر میں نے کوئی مخالفت نہیں کی بلکہ راجدھانی کیلئے درکار 35ہزار ایکڑ اراضیات کی ضرورت کا بھی اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر فینانس آندھرا پردیش مسٹر وائی راما کرشنوڈو نے آج ایوان میں پیش کردہ سالانہ بجٹ میں آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی کا کم از کم تذکرہ تک نہیں کیا ہے۔ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ریاست آندھرا پردیش کے آج پیش کردہ بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وجئے واڑہ میں آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی بنائے جانے کا بھی خیرمقدم کروں گا لیکن مجھے 35 ہزار ایکڑ اراضیات جہاں دستیاب ہو وہاں پر راجدھانی بنانے کیلئے اقدامات کرنا ہی میرے اعتراض کا اہم مقصد ہے۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ وجئے واڑہ میں راجدھانی بنانے پر ریاست آندھرا پردیش کو زبردست نقصان ہونے کی میں نے کبھی بات نہیں کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وجئے واڑہ میں 35ہزار ایکڑ اراضی حاصل کرکے آندھرا پردیش کی راجدھانی بنانے کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ لیکن آندھرا پردیش کے آج پیش کردہ ریاستی سالانہ بجٹ میں ریاست آندھرا پردیش کی نئی راجدھانی کا تذکرہ نہ کیا جانا بالکل نامناسب بات ہے۔