بجٹ تجاویز پر پی سرینواس ریڈی کا اجلاس

حیدرآباد 27 جنوری ( این ایس ایس ) وزیر زراعت پوچارم سرینواس ریڈی نے آج متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ زراعت کی بجٹ تجاویز تیار کریں اور اس میں ضرورت پر مبنی تجاویز کو شامل کیا جائے ۔ انہوں نے یہاں عہدیداروں کے ساتھ بجٹ تیاریوں پر ایک اجلاس منعقد کیا اور ان سے مختلف امور پر تجاویز طلب کیں ۔ واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے اس سال محکمہ زراعت کا علیحدہ بجٹ پیش کرنے کا اشارہ دیا ہے اور یہ بجٹ 25000 کروڑ کا ہوسکتا ہے ۔ حکومت اتنی ہی رقم محکمہ آبپاشی کیلئے بھی مختص کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ مسٹر پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ حکومت زراعت اور آبپاشی کیلئے زیادہ رقومات فراہم کرنا چاہتی ہے ۔ سالانہ 4000 روپئے کی جو امداد دی جا رہی ہے اسسے زرعی شعبہ کو فائدہ ہوسکتا ہے اور پھر 24 گھنٹے مسلسل برقی سربراہی کے ذریعہ بھی زرعی شعبہ کو فائدہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ربیع کی فصلوں پر توجہ دیں۔ انہں نے کہا کہ ریاست میں جملہ 12.77 ہیکٹرس اراضیات میں 8.04 ہیکٹرس اراضیات پر کاشت ہو رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ عہدیداروں کے مابین بہتر تال میل اور اشتراک کے ذریعہ نشانوں کی تکمیل ہوسکتی ہے ۔ عہدیدیداروں سے کہا گیا کہ وہ اندرون سات دن قابل کاشت اراضیات کی نشاندہی کریں۔