بتکماں تہوار کو گنیس بک میں شامل کروانے کی مساعی

حیدرآباد 6 اکٹوبر ( این ایس ایس ) بتکماں تہوار کو ریاست میں سرکاری تہوار کے طور پر منایا جا رہا ہے اور ریاستی حکومت اس تہوار کو عالمی سطح پر اہمیت دلانے کیلئے کوشش کر رہی ہے ۔ ہفتہ کو فتح میدان (لال بہادر اسٹیڈیم )پر اس تہوار کے بڑے پیمانے پر انعقاد کیلئے انتظآمات کئے جا رہے ہیں۔ امکان ہے کہ اس تہوار میںیہاں 10 ہزار خواتین شرکت کرینگی ۔ کہا گیا ہے کہ لال بہادر اسٹیڈیم میں ہونے والے بتکماں تہوار کے پروگرام کو گنیس بک آف ورلڈ ریکارڈز میں شامل کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ ایک پروگرام ٹینک بنڈ پر بھی منعقد کیا جائیگا ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اس تہوار کو عالمی سطح پر اہمیت دلانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔ اس پروگرام میں ریاستی عہدیدار اور عوامی نمائندے بھی شرکت کرینگے ۔ کمشنر بلدیہ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے کہا کہ بلدیہ کی جانب سے سیلف ہیلپ گروپس اور کئی این جی اوز اور خواتین کو اس پروگرام میں شامل کرنے کیلئے انتظامات کئے جا رہے ہیں اور سبھی سے اشتراک کیا جا رہا ہے ۔ اس کام میں کارپوریٹرس سے بھی مدد لی جا رہی ہے تاکہ اسے کامیاب بنایا جاسکے ۔