باپ نے کمسن بیٹے کو کنویں میں پھینک کر ہلاک کردیا

کوربا ، 3 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک شخص جو بتایا جاتا ہے کہ نشہ کی حالت میں تھا، اس نے اپنی بیوی کے ساتھ جھگڑے کے بعد اپنے تین سالہ بیٹے کو مبینہ طور پر کنویں میں پھینک کر ہلاک کرڈالا۔ پولیس نے آج کہا کہ یہ واقعہ چھتیس گڑھ کے ضلع جشپور کے گاؤں میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ملزم چیترام کو کل شام گرفتار کیا گیا اور اس پر ٹوملا پولیس اسٹیشن حدود کے موضع باہوسجبہار میں اپنے بیٹے شیورام کے قتل کا الزام ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم شراب کے نشہ میں تھا اور ایسی حالت میں وہ اپنی بیوی چمپابائی اور دو بچوں شیورام اور سالما (10 سال) کو بار بار پیٹا کرتا تھا۔ اس کے برتاؤ سے تنگ آکر چمپابائی تقریباً دو ماہ قبل بچوں کے ساتھ اپنے مائیکے چلی گئی تھی۔ منگل کو چیترام اپنی بیوی کو مناکر واپس گھر لے آیا۔ تاہم کل پھر اس جوڑے میں جھگڑا ہوا۔ مشتعل چیترام نے اپنے چھوٹے بیٹے کو گھر کے باہر باؤلی میں پھینک دیا، جو باہر نکالنے پر مردہ پایا گیا۔