بالٹی مور: نیشنل گارڈس کی تعیناتی کے بعد حالات قابو میں

بالٹی مور۔29 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی شہر بالٹی مور میں ہزاروں نیشنل گارڈس تعینات کرنے کے بعد حالات قابو میں آگئے ہیں۔ صدر امریکہ براک اوباما نے خبردار کیا ہے کہ حالیہ واقعات نے سیاہ فام برادری میں پولیس سے متعلق پریشان کن سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ امریکی شہر بالٹی مور میں پولیس حراست کے دوران سیاہ فام نوجوان کے قتل کے خلاف احتجاج کے دوران گزشتہ روز فسادات پھوٹ پڑے تھے جس کے بعد شہر میں ایمرجنسی نافذ کرکے ہزاروں نیشنل گارڈس تعینات کئے گئے تھے اور شہر میں ایک ہفتے کیلئے رات کا کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ شہر میں کشیدہ حالات کے باعث اسکول بند رہے، جبکہ بیس بال ٹیموں کے درمیان میچ بھی منسوخ کردیا گیا۔ ریسکیو عہدیداروں نے فسادات اور جلاؤ گھیراؤ کے بعد شہر کی سڑکوں پر کچرے اور ملبے کو صاف کردیا ہے۔ فسادات کے دوسرے روز بھی مظاہرین نے احتجاج کی کوشش کی، لیکن پولیس نے انہیں ناکام بنادیا۔