باغی امیدوار دستبردار ہوجائیں : بوتسہ ستیہ نارائنا

حیدرآباد /28 جنوری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس بی ستیہ نارائنا نے راجیہ سبھا کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے کانگریس باغی ارکان اے پربھاکر ریڈی اور چیتنیا راجو کے خلاف برہمی ظاہر کی اور انھیں فوری دستبردار ہوجانے کا مشورہ دیا، بصورت دیگر مقابلہ کرنے اور ان کی تائید کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کا انتباہ دیا۔ انھوں نے ارکان اسمبلی کو پارٹی فیصلوں کے احترام کا مشورہ دیا۔ دریں اثناء ریاستی وزیر ٹی جی وینکٹیش اور کے کرشنا ریڈی نے باغی امیدواروں کی تائید کی تردید کی اور کہا کہ ان کے خلاف جھوٹے اور من گھڑت الزامات عائد کئے جا رہے ہیں، گمراہ کن مہم چلانے والوں کے خلاف وہ قانونی کارروائی سے گریز نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ آج اسمبلی کی لابی میں اچانک صدر پردیش کانگریس اور سابق وزیر جے سی دیواکر ریڈی کا آمنا سامنا ہو گیا۔ صدر پردیش کانگریس نے انھیں پارٹی میں رہ کر پاٹی کو نقصان پہنچانے کی بجائے پارٹی سے مستعفی ہوجانے کا مشورہ دیا، جس کے جواب میں جے سی دیواکر ریڈی نے بھی بی ستیہ نارائنا کو پارٹی چھوڑنے کا مشورہ دیا۔