پرانے شہر حیدرآباد میں میٹرو ٹرین خدمات پر حکومت کی گمراہی ، محمد علی شبیر رکن کونسل کا استفسار
حیدرآباد۔25فروری(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ اس بات کو واضح کرے کہ حکومت کی 12فیصد مسلم تحفظات کے سلسلہ میں کیا پالیسی ہے اور حکومت 12فیصد تحفظات کے متعلق کیا موقف رکھتی ہے کیونکہ بجٹ اجلاس سے قبل نہ گورنر کے خطبہ میں 12فیصد مسلم تحفظات کا تذکرہ کیا گیا اور نہ ہی تصرف بل میں 12فیصد مسلم تحفظات کے سلسلہ میں کوئی بات کہی گئی ہے۔ جناب محمد علی شبیر رکن قانون ساز کونسل نے آج اپنی معیاد کے آخری اجلاس کے دوران تصرف بل میں ہونے والے مباحث کے دوران حکومت سے اس بات کا استفسار کیا جس پر حکومت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا ۔ جناب محمد علی شبیر نے تصرف بل کی منظوری سے قبل مباحث کے دوران کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد کی ترقی کے وعدے کئے گئے لیکن پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل کی خدمات کے آغاز کے سلسلہ میں علی الحساب بجٹ میں کوئی رقم کی تخصیص نہیں کی گئی ‘ حکومت کو چاہئے کہ وہ اس سلسلہ میں ضروری وضاحت کرے کہ آیا حکومت پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کو یقینی بنانے کے لئے تیار ہے یا عوام کو گمراہ کرنے کی پالیسی اختیار کی گئی ہے۔ جناب محمد علی شبیر نے مباحث کے دوران کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ مخالفین تلنگانہ کو ساتھ رکھے ہوئے ہیں اور جن لوگوں نے تلنگانہ کے حصول میں مدد کی ان سیاسی جماعتوں کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ تلنگانہ عوام حقائق سے واقف ہیں اور جانتے ہیں کہ تلنگانہ کس کی مدد سے حاصل ہوا۔ ریاستی وزیر مسٹر پرشانت ریڈی نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس مخالف تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے ساتھ اتحاد کئے ہوئے ہے اسی لئے کانگریسی رکن قانون ساز کونسل کو تلنگانہ راشٹر سمیتی کے خلاف یہ الزام عائد کرنے کا حق حاصل نہیں ہے جس پر جناب محمد علی شبیر نے کہا کہ پرشانت ریڈی اس بات کو فراموش کر رہے ہیں کہ تلگو دیشم پارٹی کی جانب سے مرکز کو مکتوب روانہ کئے جانے کے بعد ہی تلنگانہ کی تشکیل میں عملی پیشرفت کا آغاز ہوا ہے۔ رکن قانون ساز کونسل کانگریس پارٹی نے کہا کہ ریاست میں اردو کی حالت زار پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اردو کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے کئے جانے والے بلند بانگ دعوؤں کو بھی عملی جامہ نہیں پہنایا گیا جس کے سبب اردو زبوں حالی کا شکار ہوتی جا رہی ہے ۔ انہو ںنے ان کی رکن تلنگانہ قانون ساز کونسل اور قائد اپوزیشن کی حیثیت سے معیاد کے دوران تمام کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام ساتھی اراکین کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ان کی معیاد کے دوران ان کے ساتھ تعاون کیا۔ صدرنشین قانون ساز کونسل مسٹر سوامی گوڑ نے بھی جذباتی انداز میں جناب محمد علی شبیر سے اظہار تشکر کرتے ہوئے قانون ساز کونسل کے اجلاس کو چلانے میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔ قبل ازیں ریاستی وزیر مسٹر ایٹالہ راجندرتلنگانہ قانون ساز کونسل میں تصرف بل پیش کرتے ہوئے مباحث کا آغاز کیا جس میں مختلف ارکان قانون ساز کونسل نے حصہ لیا ۔ تلنگانہ قانون ساز کونسل کے اجلاس کو صدرنشین مسٹر سوامی گوڑ نے تصرف بل کی منظوری کے بعد غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔