بارگاہ حضرت عباس دیوان دیوڑھی کی متولیہ معطل

وقف بورڈ نے انتظامات کو راست نگرانی میں لے لیا ، معاملہ کی تحقیقات
حیدرآباد ۔7 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) وقف بورڈ نے بارگاہ حضرت عباس دیوان دیوڑھی کی متولیہ کو معطل کرتے ہوئے انتظامات اپنی راست نگرانی میں لے لیا ہے۔ اس سلسلہ میں چیف اگزیکیٹیو آفیسر ایم اے حمید نے 25 اپریل کو احکامات جاری کئے۔ وقف بورڈ نے بارگاہ حضرت عباس کی متولیہ محترمہ سیدہ تقیہ موسوی کو وقف قواعد کی خلاف ورزی اور آمدنی اور خرچ کے حسابات پیش نہ کرنے پر یہ کارروائی کی اور چیف رینٹ انسپکٹر اسٹیٹ وقف بورڈ عظمت اللہ کو بارگاہ کا نگرانکار مقرر کیا ہے۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر اس معاملہ کی تحقیقات کریں گے اور تحقیقات کی تکمیل کے بعد ہی معطلی کی برخاستگی سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

احکامات میں کہا ہے کہ متولیہ وقف ایکٹ کے مطابق پبلک سرونٹ کے تحت آتے ہیں اور آمدنی اور خرچ کے حسابات پیش کرنا ان کی ذمہ داری ہے۔ تاہم متولیہ اس میں ناکام رہیں۔ اسی دوران وقف بورڈ نے بارگاہ حضرت عباس کی تزئین نو کیلئے الکوثر ٹرسٹ کی درخواست کو قبول کرلیا ہے۔ بارگاہ عباس کی عمارت انتہائی خستہ حالت میں ہے اور کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے بھی اس کی تعمیر اور تزئین نو کی ہدایت دی تاکہ اس یادگار عمارت کا تحفظ کیا جاسکے۔ الکوثر ٹرسٹ نے اپنے خرچ سے تزئین نو کے کام کا پیشکش کیا۔ ان کی درخواست کا جائزہ لینے کے بعد 4 اپریل کو وقف بورڈ نے بعض شرائط کے تحت الکوثر ٹرسٹ کو اس کام کی منظوری دیدی۔ تاہم بتایا جاتا ہے کہ متولیہ نے ٹرسٹ کو تعمیری کاموں کی انجام دہی سے روکنے کی کوشش کی۔