واشنگٹن 7ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر بارک اوباما کا آج سی ٹی اسکیان کیا گیا اور ان کا ایک فائبر آپٹک معائنہ بھی کیا گیا کیونکہ انہوں نے گلے میں خراش کی شکایت کی تھی ۔ ان معائنوں کے بعد شبہ کیا جارہا ہے کہ وہ ایسڈ ریفلکس کا شکار ہیں۔ 53 سالہ بارک اوباما والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سنٹر میری لینڈ گئے تھے جہاں ان کے طبے معائنے کئے گئے ۔ ایسڈ ریفلکس در اصل معدہ کی ترشی کا نام ہے جو حلق تک آجاتی ہے ۔ یہ ایک معمول کا عارضہ سمجھا جاتا ہے اور کوئی تشویش کی بات نہیں ہے ۔ صدر کے فزیشن و ڈائرکٹر وائیٹ ہاوز میڈیکل یونٹ ڈاکٹر رونی ایل جیکسن نے کہا کہ آج صبح کان ‘ ناک اور حلق کے ایک ماہر نے صدر اوباما کے گلے کا فائبر آپٹل معائنہ کیا ہے اور پتہ چلا ہے کہ ان کے حلق کے اندرونی حصہ میں سوزش ہے ۔ اس کے بعد سی ٹی اسکیان بھی کیا گیا ۔ اس اسکیان کے نتائج معمول کے مطابق ہیں اور اوباما کا ایسیڈ ریفلکس کا علاج کیا جائیگا ۔