شہریوں کو ریڈیو ، ٹی وی اور سوشیل میڈیا پر تفصیلات کی فراہمی
حیدرآباد ۔ /31 اگست (سیاست نیوز) دونوں شہروں میں اچانک بارش سے پیدا شدہ ٹریفک مسائل سے نمٹنے کیلئے ٹریفک پولیس نے خصوصی اسکیم تیار کی ہے اور شہریان کیلئے ٹریفک اڈوائزری جاری کی ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک مسٹر رنگاناتھ نے بتایا کہ آج کی موسلادھار بارش کے سبب شہر کے اہم سڑکوں پر پانی جمع ہوجانے کے نتیجہ میں ٹریفک کا بہاؤ متاثر ہوگیا تھا اور ٹریفک جام کو بحال کرنے کیلئے پولیس کو گھنٹوں تک جدوجہد کرنی پڑی ۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح کی بارش اور محکمہ موسمیات کے الرٹ کے بعد شہریان کو بذریعہ ریڈیو ، سوشیل میڈیا اور ٹی وی اسکرولنگ کے ذریعہ آگاہ کردیا گیا تھا ۔ مسٹر رنگاناتھ نے بتایا کہ آئندہ دنوں میں بھی محکمہ موسمیات کی جانب سے الرٹ جاری کیا گیا ہے اور آج کی جیسی پیدا شدہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے شہریان کو یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ شدید بارش رکنے کے فوری بعد سڑکوں پر نہ آئیں کیونکہ پانی بذریعہ مین ہولس بہنے میں تقریباً دو گھنٹے کا وقت لگتا ہے ۔ انہوں نے آگاہ کیا ہے کہ شہر کے اہم راستوں کیلئے روانہ ہونے سے قبل محکمہ موسمیات اور ٹریفک پولیس کی ویب سائیٹ کا مشاہدہ کریں۔