بارش کے باعث بلدی ملازمین کو آئندہ 48 گھنٹے چوکس رہنے کی ہدایت

شہریوں کو موسمی پیش قیاسی کا جائزہ لینے عصری ٹکنالوجی سے استفادہ کرنے کمشنر بلدیہ کا مشورہ
حیدرآباد۔3اکٹوبر (سیاست نیوز) شہریان حیدرآباد عصری ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے موسمی پیش قیاسی کا جائزہ لیتے رہیں تاکہ انہیں کسی بھی طرح کی دشواریوں کا سامنا کرنے کی نوبت نہ آئے۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے آج مختلف محکمہ جات کے ہمراہ منعقدہ اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ گذشتہ یوم موسلا دھار بارش کے سبب صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی تھی لیکن اس کے باوجود مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں اور ملازمین نے محکمہ پولیس کے ملازمین کی مدد سے پانی کی نکاسی میں کلیدی کردار ادا کیا اور جن علاقو ںمیں پانی جمع ہوچکا تھا ان علاقوں سے پانی کی نکاسی کو ممکن بنایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ قدیم اور مخدوش عمارتوں کے تخلیہ کو یقینی بنائیں ۔ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کمشنر جی ایچ ایم سی نے قبل ازیں کمشنر پولیس مسٹر ایم مہندر ریڈی‘ ضلع کلکٹر حیدرآباد مسز یوگیتا رانا ‘ منیجنگ ڈائریکٹر واٹر ورکس مسٹر دانا کشور کے علاوہ دیگر عہدیداروں کے ہمراہ جائزہ اجلاس کے دوران شہر کی موجودہ صورتحال اور محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کا جائزہ لیا اور اجلاس کے دوران محکمہ پولیس سے خواہش کی کہ وہ اپنے ملازمین کو مزید 48 گھنٹے تک چوکس اور متحرک رہنے کی ہدایت جاری کرے ۔ کمشنر بلدیہ کی خواہش پر کمشنر پولیس نے محکمہ کے ملازمین و عہدیداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ بلدی عملہ کے شانہ بشانہ خدمات انجام دیتے ہوئے عوام کو راحت پہنچانے کا کام کریں تاکہ صورتحال کو جلد قابو میں کیا جاسکے۔ ڈاکٹر بی جنار دھن ریڈی نے بتایا کہ شہر میں 6مقامات پر راحت رسانی کیمپ شروع کئے گئے ہیں تاکہ نشیبی علاقو ںمیں رہنے والوں کو عارضی راحت پہنچانے کے اقدامات کو ممکن بنایاجاسکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران بارش کی صورت میں بلدی عملہ متحرک ہے اورایمرجنسی خدمات کو بروقت شروع کرنے کیلئے متعلقہ محکمہ جات کو چوکس رکھا گیا ہے۔ اس اجلاس میں محکمہ برقی کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ انہوںنے بلدی حدود کے تمام ٹاؤن پلاننگ عہدیداروں کو ایس ایم ایس کے ذریعہ نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ مخدوش عمارتوں کے تخلیہ کو فوری یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کا کوئی ناگہانی واقعہ نہ ہونے پائے۔ اسی طرح تمام نالوں میں جہاں کوڑا کرکٹ ہونے کے سبب پانی کے تیز بہاؤ میں رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے ان نالوں کی فی الفور صفائی کے اقدامات کئے جائیں تاکہ پانی جمع ہونے کی شکایات میں کمی ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ شب سے محکمہ پولیس ‘ محکمہ برقی‘ محکمہ آبرسانی کے علاوہ دیگر محکمہ جات کا عملہ بارش کے سبب اکھڑنے والے درختوں کو ہٹانے کے علاوہ برقی بحالی اور پانی کی نکاسی میں بلدی عملہ کی مدد کر رہے ہیں ۔ جائزہ اجلاس کے دوران شہر کے علاوہ شہر کے اطراف موجود تالابوں میں فاضل پانی اور خطرہ کے نشان سے اوپر بہنے والے پانی کے متعلق تفصیلات کا جائزہ لیا گیا اورفاضل پانی کے اخراج کے سلسلہ میں اقدامات کی ہدایت دی گئی ۔ اس کے علاوہ تالابوں کے قریب اور پانی کے بہاؤ کی گذرگاہوں میں بسنے والے مکینوں کو منتقل کرنے کے سلسلہ میں بھی اقدامات کی تاکید کی گئی ہے کیونکہ پانی کے بہاؤ میں تیزی کی صورت میں حالات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔