بارش کی صورتحال سے نمٹنے موثر اقدامات

مہلوکین کے خاندان کو 5 لاکھ ایکس گریشیا ، جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر کا فیصلہ
حیدرآباد ۔13 اپریل ۔ ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت تلنگانہ کے تقریباً اضلاع میں ہونے والی غیرموسمی بارش سے جن کسانوں کو زبردست نقصانات سے دوچار ہونا پڑا انھیں حکومت مکمل طورپر ممکنہ امداد فراہم کرنے کے اقدامات کرے گی اور ایسے افراد جو بجلی گرنے اور ژالہ باری کے ساتھ ساتھ شدید بارش کے نتیجہ میں ہلاک ہوئے حکومت تلنگانہ ان مہلوکین کے افراد خاندان کو فی مہلوک (5) لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں ضلع واری اساس پر غیر موسمی بارش سے پیش آئے اموات اور نقصانات کی مکمل تفصیلات روانہ کرنے کی ضلع کلکٹروں و ضلع انتظامیوں کو ہدایات دی ہیں۔ آج یہاں ریاستی سکریٹریٹ تلنگانہ میں چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اپنے کابینی رفقاء اور اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں ہوئی غیرموسمی بارش کی تباہ کاریوں کا مکمل جائزہ لیااور مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے نقصانات سے دوچار کسانوں کو ممکنہ حد تک مکمل مالی مدد فراہم کرنے کے علاوہ مہلوکین کے افراد خاندان کو (5) لاکھ روپئے ایکس گریشیا دینے کا فیصلہ کیا۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ حکومت نے گزشتہ دو تین یوم کے دوران ہوئی غیرموسمی شدید بارش کے باعث پیش آئے نقصانات پر اپنے تاسف کا اظہار کیا اور غیرموسمی بارش سے پیش آنے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس جائزہ اجلاس میں ڈپٹی چیف منسٹر امور محکمہ تعلیم مسٹر کے سری ہری ، وزیرآبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ ، چیف سکریٹری حکومت تلنگانہ ڈاکٹر راجیو شرما اور سکریٹری محکمہ ریونیو مسٹر منیا اور دیگر عہدیدار بھی شریک تھے ۔ اس اجلاس میں مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اعلیٰ عہدیداروں سے حالات اور پیش آئے نقصانات سے واقفیت حاصل کی ۔ س غیرموسمی بارش سے ورنگل میں دو افراد ، محبوب نگر میں ایک فرد ہلاک ہوا اور ضلع کریم نگر میں (55) مکانات کو جزوی طورپر نقصان پہونچنے کی اطلاعات پائی جاتی ہیں۔