فصلوں کو بھی نقصان ۔ کمشنر ڈیزاسٹر ریلیف چندرا ودن کا بیان
حیدرآباد 4 مئی ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ میں بارش سے متعلق واقعات میں 9 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ حکومت نے یہ بات بتائی جبکہ کل ریاست کے کچھ حصوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی تھی ۔ کمشنر ڈیزاسٹر ریلیف آر وی چندرا ودن نے کہا کہ ہمیں مختلف اضلاع سے اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ 9 افراد کل بارش سے متعلق واقعات میں ہلاک ہوئے ہیں۔ نو کے منجملہ دو افراد کی موت بجلی گرنے کی وجہ سے ہوئی ہے ۔ متعلقہ ضلع کلکٹرس ان اموات کا جائزہ لیں گے اور اس کی اصل وجوہات کا پتہ چلائیں گے ۔ موت کی وجہ واضح ہونے کے بعد یہ لوگ ایکس گریشیا کے مستحق ہونگے جو حکومت اس طرح کی آفات سماوی میں ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کل ہوئی غیر موسمی تیز بارش کی وجہ سے نہ صرف انسانی جانو ںکا نقصان ہوا بلکہ فصلوں کو بھی نقصان ہوا ہے ۔ مجلس بلدیہ کے عہدیداروں کے بموجب دارالحکومت شہر کے کچھ حصوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاع بھی ہے اور شہر میں مختلف مقامات پر تیز اور طوفانی ہواوں کی وجہ سے 100 سے زائد درخت بھی اکھڑ گئے تھے ۔