بارش سے اہم سڑکوں پر پانی، بلدیہ کا ایمرجنسی عملہ غائب

روز مرہ زندگی متاثر ،عوام کو مشکلات کا سامنا
حیدرآباد 29 اگست (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں گذشتہ شب شروع ہوئی ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ آج دن بھر جاری رہا ۔ شہر میں ہوئی بارش کے دوران کوئی بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ہے لیکن بیشتر مقامات پر گھروں میں پانی داخل ہوجانے کے سبب عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ دونوں شہروں میں آج دوپہر بھی اچانک تیز بارش کے سبب شہر کی اہم سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہوگیا لیکن کئی سڑکوں پر بلدیہ کا ایمرجنسی عملہ نظر نہیں آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ آج گنیش چتورتھی کی تعطیل کے سبب بیشتر عملہ خدمات پر حاضر نہیںتھا جس کی وجہ سے کئی سڑکوں سے بروقت پانی کی نکاسی ممکن نہیں بنائی جاسکی ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اعلی عہدیدار شہر میں بارش کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں لیکن دن بھر میں کسی قسم کے نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔ شہر میں مسلسل ہلکی اور تیز بارش کے باعث موسم میں خوشگوار تبدیلی واضح نظر آرہی ہے اور عوام نے گذشتہ یوم سے جاری اس بارش کے باعث اطمینان کی سانس لی ہے ۔ شہر میں تعطیل اور بارش کے سبب دن بھر ٹریفک بھی کم رہی جس کی وجہ سے اہم مقامات پر ٹریفک جام کی شکایات بھی نہیں رہی ۔ پرانے شہر کے کئی علاقوں میں بارش کا پانی داخل ہوجانے کے سبب عوام نے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موسم باراں کے آغاز اور مانسون کی آمد سے قبل نالوں کی صفائی کے کام تکمیل کئے جانے چاہئے لیکن مانسون کی دو ماہ بعد آمد کے باوجود بارش کے پانی کی نکاسی کے مناسب انتظامات نہیں کئے گئے ہیں جو کہ شہریوں کو تکالیف میں مبتلا کرنے کے مماثل ہے ۔