پشاور۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں باراتیوں کی ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد ہلاک ہوگئے ہیں اور تین افراد زخمی ہیں۔پولیٹکل انتظامیہ کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ بیشتر افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، چونکہ یہ علاقہ انتہائی دور افتادہ ہے اس لیے وہاں رابطہ نہیں ہو رہا۔تین زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک ہیں جنھیں مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔یہ واقعہ لنڈی کوتل کے پسماندہ علاقے زخہ خیل میں پیش آیا۔اہلکاروں نے بتایا کہ بالائی علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد اچانک سیلابی ریلہ آیا جس میں ایک پک اپ گاڑی بہہ گئی۔ان کے مطابق پک اپ گاڑی میں باراتی بیٹھے تھے جن میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی تھی۔ اعلی حکام اور دیگر عملہ موقع پر پہنچ چکا ہے جہاں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔