بادل پھٹنے سے پانچ ہلاک

دہرہ دون۔/31جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) تہری ڈسٹرکٹ کے موضع نیتاڈ میں صبح کی اولین ساعتوں میں بال پھٹنے کے واقعہ میں پانچ افراد حالت نیند میں فوت ہوگئے جبکہ ایک شخص کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ علاوہ ازیں بادل پھٹنے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دو مکانات مکمل طور پر منہدم ہوگئے جس سے روٹس نہر میں سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی۔ عمارت منہدم ہونے سے پانچ افراد بشمول چار خواتین اور ایک مرد ملبہ میں دب کر ہلاک ہوگئے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ یگل کشور نے یہ بات بتائی۔ مکانات کے ملبہ سے پانچ نعشیں نکالی گئی ہیں اور بچاؤ کاری ہنوز جاری ہے تاکہ ملبہ میں دبے ہوئے مزید افراد کو باہر نکالا جاسکے۔ شدید زخمی شخص کو دہرہ دون کے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ہے۔

زمین کھسکنے والے علاقوں میں
مقیم افراد کو منتقل کیا جائیگا :چوہان
ممبئی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوہان نے کہا کہ جو لوگ ریاست کے خطرناک علاقوں میں مقیم ہیں، انہیں خاص کر زمین کھسکنے کے خطرات والے علاقوں سے انہیں محفوظ جگہ منتقل کیا جائے گا تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کو روکا جاسکے۔ پرتھوی راج چوہان نے کابینہ کو اس واقعہ سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ کل پونے میں انہوں نے حادثہ کے مقام کا دورہ کیا تھا۔ اس واقعہ میں 44 مکانات مٹی کے تودوں کے نیچے آگئے ہیں۔ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے خطرناک علاقوں میں رہنے والے عوام کو دوسری جگہ منتقل کرتے ہوئے ان کی بازآباد کاری کی جائے گی۔

انڈومان سمندر میں زلزلے کے جھٹکے
نئی دہلی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) انڈومان سمندر میں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کی شدت ریختر اسکیل پر 5.9 ناپی گئی لیکن محکمہ موسمیات نے سونامی کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔ انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے ڈائرکٹر جنرل لکشمن سنگھ راتھوڑ نے بتایا کہ یہ زلزلہ انڈومان کے سمندر میں شام 7.10 بجے محسوس کیا گیا۔ گذشتہ دو دن کے دوران یہ دوسرا زلزلہ کا جھٹکا ہے۔