حیدرآباد 30 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ جو رقم باتھ رومس اور بیڈ رومس میں چھپی ہوئی تھی وہ نوٹ بندی کی وجہ سے بیکنگ نظام میں واپسآگئی ہے ۔ انہوں نے آر بی آئی رپورٹ کا حوالہ دیا جس میںکہا گیا ہے کہ 500 اور 1000 روپئے کے جو نوٹ بند ہوئے تھے ان کا 99.3 فیصد حصہ بینکنگ نظام میں واپس آگیا ہے ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ایسا ہونے کے باوجود لوگوں کو کیوں پریشانی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ تقریبا ساری رقم بینکنگ نظام میں واپس آگئی ہے ۔ جو رقم باتھ رومس اور بیڈ رومس میں چھپی ہوئی تھی وہ بینکوں میں آگئی ہے ۔ میرا سادہ پوائنٹ یہ ہے کہ رقم واپس آگئی ہے ۔ اس میں کتنا کالا دھن ہے اور کتنی جائز دولت ہے اس کا پتہ چلانا ریزرو بینک اور انکم ٹیکس محکمہ کا کام ہے ۔ اگر لوگوں نے کالے دھن کو جائز دولت میں تبدیل کرلیا ہے تو پارلیمنٹ اس کی اجازت دیتا ہے ۔ ٹیکس ادا کرنا ہوتا ہے اور اس سے مالیہ بڑھتا ہے ۔ یہ رقم عوام پر خرچ کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے جن دھن اکاونٹس پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ لوگوں کے پاس پیسہ نہیں ہے تو اکاونٹس کا کیا جائیگا ۔ اب جن دھن اکاونٹس کی اہمیت سمجھ میں آگئی ہے ۔