احمدآباد۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) 2002ء کے نروڈا پاٹیہ فسادات کے ایک مقدمہ میں عمر قید کی سزاء بھگتنے والے وی ایچ پی لیڈر بابو بجرنگی باضابطہ ضمانت کیلئے دائر کردہ اپنی درخواست سے دستبرداری اختیار کی۔ جب گجرات ہائیکورٹ نے اس تاثر کا اظہار کیا کہ اس درخواست کو مسترد کیا جاتا ہے کیونکہ صرف طبی بنیادوں پر ہی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ جسٹس مہندر پال اور جسٹس آر ڈی کوتھاری پر مشتمل ایک ڈیویژن بنچ نے حکم دیا کہ بجرنگی کی درخواست کو بطور دستبرداری مسترد قرار دیا جاتا ہے۔ بجرنگی طبی بنیاد پر ضمانت کیلئے اپنے ایک وکیل پراوین گونڈالیہ کے ذریعہ ہائیکورٹ سے رجوع ہوا تھا۔ اس نے اپنی آنکھ کے علاج کیلئے خصوصی عدالت کی طرف سے دی گئی سزاء کو معطل رکھنے کی درخواست بھی کیا تھا۔ تاہم ہائیکورٹ نے اس تاثر کے ساتھ درخواست کو مسترد کردیا کہ محض طبی وجوہات کی بنیاد پر ہی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔