بائیں بازو جماعتوں کا احتجاجی جلسہ ، سید عزیز پاشاہ ، سی وینکٹ ریڈی و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔6ڈسمبر(سیاست نیوز) شہادت بابری مسجد کی 25 ویں برسی کے موقع پر بائیںبازو جماعتوں کی جانب سے قدیم پریس کلب بشیر باغ میںایک احتجاجی جلسہ منعقد کیاگیا ۔ صدارت سابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا وسینئر کمیونسٹ قائد جناب سید عزیز پاشاہ نے کی ۔ سی پی آئی اسٹیٹ جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی‘ سی پی آئی ایم اسٹیٹ سکریٹری رکن ڈی جی نرسنگ رائو‘ سابق رکن اسمبلی این نرسمہا ریڈی‘ ایم سی پی آئی اشوک‘مراری‘ جانکی راملو آر ایس پی‘مجاہد ہاشمی‘ مولانا نصیر الدین ‘ تنظیم انصاف اسٹیٹ سکریٹری منیر پٹیل‘ تنظیم آواز سٹی سکریٹری ایم اے ستار کے علاوہ دیگر نے خطاب کرتے ہوئے بابری مسجد کی شہادت کوجمہوری ہندوستان کی تاریخ میں یوم سیاہ قراردیا۔ جناب سید عزیز پاشاہ نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ 6ڈسمبر 1992کا دن جمہوری ہندوستان کی تاریخ میںایک نیا موڑ لایا ہے۔فسطائی طاقتوں نے جمہوری ہندوستان کی تاریخ کو ہی بدل کر رکھ دیا ۔ بابری مسجد کی شہادت کے ساتھ ہی سارے ملک پر سیاہ بادل چھاگئے ۔ بابر ی مسجد کی شہادت کے بعد آر ایس ایس اور بی جے پی کا خفیہ ایجنڈہ منظر عام پر آگیا۔ پچیس سالوں میں فرقہ پرستی تیزی کے ساتھ پھیلی او رنفرت کے ساتھ حقارت کی پالیسی عام بات بن گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بابر ی مسجد کے متعلق فیصلہ سپریم کورٹ میںزیرالتوا ء ہے ۔ فیصلے کو فبروری تک ملتوی کردیاگیاہے جو نہایت افسوس ناک بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے علاوہ کسی کے بھی فیصلے کو ہم قبول نہیںکریں گے۔ عدالت کے فیصلے سے قبل دھرم کے ٹھکیدار من مانی اعلانات کررہے ہیں جن پر لگام کسنے کے بجائے موجود ہ مرکزی حکومت خود نفرت پھیلاتے ہوئے اقتدار پر برقرار رہنے کی پالیسی پر گامز ن ہے لہذا موجودہ حکومت سے فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف کاروائی کی کوئی امید بھی نہیںکی جاسکتی ہے۔چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہاکہ قومی سطح پر سکیولر اور ڈیموکرٹیک طاقتوں کو متحد ہوکر فسطائی طاقتوں کے خلاف محاذ آرائی کرنے کی ضرورت ہے ۔ بائیںبازو جماعتیں روز اول سے فسطائیت کے خلاف ہیں اور بی جے پی جیسی فرقہ پرست جماعتو ںکو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لئے ہر محاذ پر اتحاد کے لئے ہماری کوششیں جاری ہیں۔فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف عوامی تحریکات کی شروعات وقت کی اہم ضرورت بن گئی ہے اور اس کے لئے کمیونسٹ جماعتیں کام بھی کررہی ہیں ۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے بابری مسجد کی شہادت کو ہندوستان کی تاریخ کا سب سے افسوسناک دن قراردیا ہے۔