شہر میں دفعہ 144 نافذ۔ ساؤتھ زون میں اضافی عملہ کی تعیناتی
حیدرآباد 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) بابری مسجد شہادت کی 25 ویں برسی کے موقع پر حیدرآباد سٹی پولیس نے شہر میں سکیورٹی کے وسیع تر انتظامات کئے ہیں اور کمشنر پولیس نے آئندہ 48 گھنٹوں تک شہر میں دفعہ 144 نافذ کردیا ہے۔ ساؤتھ زون میں پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں جن میں 10 اسسٹنٹ کمشنران، 42 انسپکٹران، 106 سب انسپکٹران، 92 اسسٹنٹ سب انسپکٹران اور دیگر پولیس عملہ کو متعین کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ اسپیشل پولیس، کوئک ری ایکشن ٹیم کو بھی حساس علاقوں میں تعینات کیا جارہا ہے۔ ریاپڈ ایکشن فورس اور اسپیشل پولیس دستوں کو بھی پولیس پیکٹس پر متعین کیا جارہا ہے۔ پولیس نے پرانے شہر کے انتہائی حساس اور حساس علاقوں کی نشاندہی کرتے ہوئے سادہ لباس میں ملبوس پولیس کی خصوصی ٹیموں کو تعینات کردیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ حساس علاقوں پر نظر رکھی جارہی ہے اور پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس کی تلاشی میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ اس سال کی بابری مسجد شہادت کی برسی اس لئے اہمیت کی حامل ہے کیوں کہ رام جنم بھومی بابری مسجد تنازعہ مقدمہ کی سماعت کا کل سے آغاز ہورہا ہے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر وی وی سرینواس راؤ نے دونوں شہروں میں 5 ڈسمبر تا 7 ڈسمبر امتناعی احکامات نافذ کئے ہیں۔ گروپس اور ایک سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اسی طرح پولیس نے ڈرون کیمروں کے استعمال پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے احکام جاری کئے ہیں۔