بابری مسجد شہادت مقدمہ ، عینی شاہدین کی گواہی

لکھنؤ ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) عینی شاہد کو آج 1992 ء میں بابری مسجد کی شہادت کے مقدمہ کے سلسلہ میں سی بی آئی نے عدالت میں پیش کیا جس نے خصوصی عدالت میں مقدمہ کی روزانہ سماعت کے دوران اپنی گواہی قلم بند کروائی۔ مُنّا عرف حبیب اللہ نے کہاکہ 25 سال قبل کے پورے واقعہ کو اُس نے دیکھا ہے۔ اُس کا بیان درج کرنے کے بعد وکیل صفائی ومل سریواستو نے اُس پر جرح کی۔ خصوصی جج ایس کے یادو مقدمے کی سماعت کررہے تھے۔ جرح کا سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔ سی بی آئی کے وکیل نے کل ایک فہرست داخل کی تھی جس میں اُن 196 افراد کے نام تھے جن پر لکھنؤ میں جرح کی گئی ہے اور 57 افراد پر رائے بریلی میں جرح کی گئی ہے۔ ایل کے اڈوانی اور دیگر ملزمین کی پیروی کرنے والے وکلاء نے اِن افراد کی فہرست پیش کی۔ سی بی آئی کے گواہوں کو سمن جاری کئے گئے ہیں۔ جج نے کہاکہ سپریم کورٹ نے مجرمانہ سازش کے الزامات کے احیاء کا 19 اپریل کو حکم دیا تھا۔ 9 افراد پر مجرمانہ سازش کے الزامات وضع کئے گئے ہیں۔ یہ الزام موجودہ الزامات کے علاوہ ہیں۔
بی ایف پارٹی کا اعلان کرنے والا ،بی جے پی لیڈر مستعفی
شیلانگ ۔ یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) میگھالیہ میں بی جے پی کا ایک سینئر لیڈر جس نے اپنے آبائی قصبہ میں وزیراعظم نریندر مودی کے برسر اقتدار آنے کی تیسری سالگرہ منانے کے سلسلہ میں بیف پارٹی منعقد کرنے کا اعلان کیا تھا، آج مستعفی ہوگئے۔ بی جے پی کے ضلع صدر برائے دارو ہلز برنارڈ رمپو مارک گزشتہ سال ہی بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔ مبینہ طور پر اُن سے استعفیٰ طلب کرلیا گیا ہے۔
تاہم اُن کا اصرار ہے کہ اُنھوں نے ’’بی جے پی کے بیف کے بارے میں موقف‘‘ کے خلاف بطور احتجاج استعفیٰ پیش کیا ہے۔