پاٹے دار غلبہ والے علاقوں میں راہول کا دورہ
جام نگر ( گجرات) ۔ 26 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام) بااثر پٹیل کمیونٹی کی تائید و حمایت حاصل کرنے کی مساعی میں نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج گجرات کے پاٹے دار غلبے والے علاقوں میں انتخابی مہم شروع کردی ۔ پارٹی کی اسٹوڈنٹ ونگ نیشنل اسٹوڈنٹس یونین آف انڈیا ( این ایس یو آئی ) کے بعض ارکان نے آج صبح راہول گاندھی سے ملاقات کی جب وہ جام نگر سے راجکوٹ کیلئے روانہ ہوگئے ۔ کانگریس لیڈر نے این ایس یو آئی ارکان سے اپیل کی کہ گجرات میں پارٹی کو برسراقتدار لانے کیلئے محنت کریں ۔ راہول نے ریاست اور مرکز کی بی جے پی حکومتوں پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس کو اقتدار سونپا گیا تو اُن کی پارٹی کی حکومت گجرات سے کام کرے گی نہ کہ دہلی کے احکام کی تعمیل کرے گی ۔ اُن کی گذرگاہ پر جام نگر کے موضع فلّہ میں مقامی لوگوں نے اُن کا استقبال کرتے ہوئے نعرہ لگائے کہ ’’جئے پاٹے دار ، جئے سردار‘‘ ۔ لوگوں کو یہی نعرے والی ٹوپیاں پہنے بھی دیکھا گیا۔ راہول جو گجرات کے اپنے سہ روزہ دورہ کے دوسرے دن مصروف ہیں ، وہ کئی دیہاتوں اور ٹاؤنس کا دورہ کرنے والے ہیں جیسے بھرول اور ٹنکرا جہاں قابل لحاظ پٹیل آبادی ہے ۔ کانگریس کو اُمید ہے کہ اس فیصلہ کن ووٹ بینک کی اس سال کے اواخر مقررہ چناؤ کے دوران تائید و حمایت حاصل ہوگی ۔ گزشتہ روز ریاست کو دورہ کے پہلے دن راہول کا استقبال پٹیل کوٹہ ایجی ٹیشن کے لیڈر ہاردیک پٹیل نے کیا تھا ۔ ہاردیک نے ماضی میں اشارہ دیا تھا کہ وہ اسمبلی چناؤ میں کانگریس کی تائید پر غور کرسکتے ہیں۔