کروڑہا روپئے کی سرمایہ کاری‘ نرسمہن اور کے ٹی آر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6فبروری ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے آج بائیو ایشیاء 2017ء کا افتتاح کیا ۔ وزیر آئی ٹی مسٹر کے ٹی راما راؤ ‘ وزیر صحت مسٹر لکشما ریڈی ‘ سکریٹری ڈپارٹمنٹ آف ہیلت ریسرچ ڈاکٹر ایس سوامی ناتھن اور دیگر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے ۔ بائیو ایشیاء میں 3,382کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کے پراجکٹس اور حکومت و خانگی سیکٹرس کے مابین یادداشت مفاہمت کا اعلان کیا گیا جس سے حیدرآباد بائیوٹیک اور لائف سائنسیس کے شعبہ میں ایک اہم مرکز بن کر ابھرا ہے ۔ گورنر نرسمہن نے کہا کہ بائیو ایشیاء ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں عالمی سرمایہ کاروںاور بزنس لیڈرس کو مدعو کیا جاتا ہے ۔ ریاست میں دستیاب غیر معمولی انفراسٹرکچر اور سرمایہ کاری کے مواقع سے انہیں واقف کرایا جاسکتا ہے ۔ بائیوایشیاء نے 89سے زائد ممالک کے قائدین کو حیدرآباد میں جمع کیا ہے ۔وزیر آئی ٹی (انفارمیشن ٹکنالوجی) کے ٹی راما راؤ نے ایم این پارک کے آئی ہب(iHub) مرحلہ دوم اور SME Hub @ IKP کا افتتاح انجام دیا ۔ انہوں نے وفود سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد دنیا بھر میں فارما شعبہ میں نمایاں مقام رکھتا ہے ۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بلدی نظم و نسق مسٹر کے ٹی راما راؤ نے انکشاف کیا کہ شہر کے مضافاتی علاقہ میں 400 ایکڑ اراضی کے رقبہ پر طبی آلات تیاری کے پارک کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ یہاں تیار ہونے والے تقریباً 70 فیصد طبی آلات کی بین الاقوامی سطح پر برآمدات کی جاسکے گی ۔ آج انہوں نے شاہ میر پیٹ میں واقع جنیوم ویالی (Genome Vally) میں بائیولوجیکل ای لمٹیڈ کمیٹی کی جانب سے 300کروڑ روپیوں کے مصارف سے تقریباً 29 ایکڑ اراضی رقبہ پر قائم کئے جانے والے بائیولوجیکل ای ویکسن یونٹ کا سنگ بنیاد رکھا ۔