حیدرآباد 29 جولائی (ایجنسیز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست بھر میں جی ایچ ایم سی کو چھوڑ کر تمام میونسپل کارپوریشنس اور میونسپلٹیز (بلدیات) میں کمیونٹی سنٹرس پر 15 اگسٹ سے 5 روپئے کینٹینس (ناشتہ اور لنچ کے لئے) قائم کئے جائیں گے۔ ایک اندازہ کے مطابق حکومت کے اس اقدام سے معاشی طور پر پسماندہ کوئی 40 ہزار اشخاص کو فائدہ ہوگا۔ ڈائرکٹر میونسپل اڈمنسٹریشن تلنگانہ نے اس سلسلہ میں تمام شہری مجالس مقامی کے کمشنرس کو ہدایات جاری کئے ہیں کہ 15 اگسٹ تک ان کے کمیونٹی سنٹرس پر کم از کم ایک کینٹین قائم کریں۔ کینٹین قائم کرنے کے ابتدائی اخراجات کو میونسپل جنرل فنڈس یا لے آؤٹ ریگولرائزیشن اسکیم (ایل آر ایس) فنڈس کو استعمال کرتے ہوئے پورا کیا جائے گا۔ ہرے کرشنا مومنٹ چیرٹیبل فاؤنڈیشن نے جو کسی نفع کے بغیر کام کرنے والی تنظیم ہے، تمام اربن لوکل باڈیز (ULBs) میں کینٹینس کا کام انجام دینے کے لئے پیشقدمی کی ہے۔ یہ تنظیم پراجکٹس کے قریب سنٹرلائزڈ کچن لگانے کے لئے تیارہے۔ سی ڈی ایم اے کے عہدیداروں نے کہاکہ کچن قائم کرنے کے اخراجات اکشے پترا کی جانب سے برداشت کئے جائیں گے۔ ان کینٹینس میں استفادہ کنندگان سبسیڈی شرح پر صرف 5 روپئے میں ناشتہ اور لنچ سے استفادہ کرپائیں گے۔