حیدرآباد۔16مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا ایک اہم اجلاس ٹی این جی اوز بھون نامپلی میں منعقد ہوا۔ صدرنشین کمیٹی پروفیسر کودنڈارام نے قیادت کی، جس میں ٹی این جی او ز صدر رویندر ریڈی‘ جنرل سکریٹری عبدالحمید‘ ٹی جے اے سی اسٹیرنگ کمیٹی اراکین مولانا حامد محمد خان‘ خواجہ معین الدین‘ ڈی پی ریڈی‘ الیکٹرک سٹی جے اے سی چیرمن راگھو‘ ٹی جی او ز گریٹر حیدرآباد صدر کرشنا یادو‘ پی رویندرا‘سریدھر بابو‘ ڈاکٹر سدھاکر کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران 108ایمبولنس ملازمین کے ساتھ انصاف سے متعلق حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ پروفیسر کودنڈارام نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے باوجود تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے ساتھ ناانصافی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ 19مئی کو منعقد کمیٹی کے مجوزہ ٹی جی اے سی توسیع اجلاس میں مذکورہ موضوع پر قطعی فیصلہ لینے کا اعلان کیا۔پروفیسر کودنڈارام نے تلنگانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی حصول انصاف کی لڑائی میں ناانصافی کاشکار طبقات کے ساتھ ہمیشہ تعاون برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔ ناانصافی کاشکار جی وی کے 108ایمبولنس کے ساتھ انصاف تک ٹی جے اے سی ملازمین کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ سنہری تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں ٹی جے اے سی کا حکومت کے ساتھ بھی مکمل تعاون رہے گا۔