امیدوار مایوس نہ ہوں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 4ڈسمبر ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر کڈیم سری ہری نے ٹیچرس جائیدادوں کیلئے تیاری کرنے والے امیدواروں کو مایوس نہ ہونے کا مشورہ دیا ۔ ہائیکورٹ کی ہدایت پر 10 اضلاع کی بنیاد پر تقررات کا اعلان کیا ۔ انہوں نے آج تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن سکریٹری محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے سرکاری جائیدادوں پر تقررات کی پیشرفت کا جائزہ لیا ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حال میں ٹیچرس کی 8792 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری ہوا۔ ہائیکورٹ کی ہدایت پر غیر منقسم 10 اضلاع کی بنیاد پر تقررات ہونگے ۔ اس سلسلہ میں پبلک سرویس کمیشن کو احکامات جاری کئے جائیں گے اور کمیشن عنقریب اعلامیہ جاری کریگا ۔ نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا یا موجودہ نوٹیفکیشن میں ترمیم سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ پبلک سرویس کمیشن کرے گا ۔ ابھی تک جو امیدوار درخواست داخل کرچکے ہیں انہیں دوبارہ درخواست داخل کرناہ وگا یا وہی درخواست کارآمد ہوگی کے سوال کوکو بھی ٹالتے ہوئے کہا کہ قطعی فیصلہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کا ہوگا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ٹیچرس جائیدادوں کی تیاری کرنے والے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ ہرگز مایوس نہ ہو ‘ چیف منسٹر نے ایک لاکھ جائیدادوں پر تقررات کا جو وعدہ کیا ہے اس پر وہ قائم ہیں ۔ چند افراد اپنی بیروزگاری کو دور کرنے ملازمت کی جدوجہد کے نام پر جلسے کررہے ہیں ۔ اپنی مفاد پرستی کیلئے نوجوانوں کو مشتعل کررہے ہیں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ سیاسی اغراض کیلئے احتجاج پر حکومت کو وضاحت کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔