اے کے خان حکومت تلنگانہ کے خصوصی مشیر برائے اقلیتی بہبود مقرر

ڈائرکٹر جنرل اے سی بی سے سبکدوشی پر حکومت کا اقدام
حیدرآباد ۔ یکم جنوری (سیاست نیوز) ریاست کے سینئر ترین (آئی پی ایس) پولیس عہدیدار و موظف ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو ریاست تلنگانہ جناب اے کے خان کو حکومت نے خصوصی مشیر برائے اقلیتی بہبود مقرر کیا ہے اور اس سلسلہ میں آج حکومت نے احکامات جاری کئے۔ حکومت نے ریاست کے اقلیتوں کی فلاح و بہبود پر اولین ترجیح دینے کے مقصد سے اور حکومت کی مناسب رہنمائی کو یقینی بنانے کے لئے جناب اے کے خان کو تلنگانہ حکومت کے خصوصی مشیر ترجیح دی ہے۔ جناب اے کے خان بحیثیت ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو ریاست تلنگانہ 31 ڈسمبر 2016 ء کو وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوئے۔ تاہم حکومت نے انھیں آج ہی بحیثیت مشیر نئی ذمہ داری سونپی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندرشیکھر راؤ ریاست کے اقلیتی طبقات کی مثالی انداز میں فلاح و بہبود سے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ دسہرہ تہوار کے موقع پر ٹی آر ایس اقلیتی قائدین کے ایک اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے سابق سینئر آئی اے ایس عہدیدار جناب شفیق الزماں کو بحیثیت مشیر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن ناگزیر وجوہات کے باعث یہ ممکن نہ ہوسکا۔ تاہم چیف منسٹر نے ریاست میں اقلیتی اقامتی اسکولس کے قیام میں سینئر پولیس عہدیدار جناب اے کے خان کے اہم رول اور گرانقدر خدمات کی متعدد مرتبہ زبردست ستائش کرتے ہوئے ان کی وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوشی کے باوجود جناب اے کے خان کی خدمات حاصل کرنے کا اظہار کیا۔ لہذا چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے گزشتہ دن وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہونے والے سینئر آئی پی ایس عہدیدار جناب اے کے خان کا بحیثیت مشیر حکومت تلنگانہ برائے اقلیتی بہبودی اُمور تقرر کیا۔ جناب اے کے خان نے آج شام نمائندہ سیاست سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ انھیں بحیثیت مشیر حکومت برائے اقلیتی بہبودی اُمور تقرر کئے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ جب بھی احکامات وصول ہوں گے وہ اپنی نئی ذمہ داری کا جائزہ حاصل کرلیں گے۔ جناب اے کے خان نے اپنے اس تقرر پر چیف منسٹر کے سی آر سے اظہار تشکر کیا اور کہاکہ چیف منسٹر نے ان پر جس بھروسہ، اعتماد اور توقعات کا اظہار کیا ہے وہ ان توقعات کو پورا کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے بلکہ ریاست تلنگانہ میں اقلیتوں کو تعلیمی میدان میں آگے بڑھانے اور حکومت کی مختلف فلاح و بہبودی پروگراموں اور اسکیمات کی مؤثر عمل آوری کے ذریعہ ریاست کے اقلیتی طبقات کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے مؤثر اقدامات کریں گے۔