دہلی میں چہارشنبہ کو اجلاس ‘ کے سی آر اور چندرا بابو کی شرکت : دتاتریہ
حیدرآباد۔ 18 ستمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر محنت و روزگار بنڈارو دتاتریہ نے تلنگانہ کے وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ اور مرکزی وزارتِ آبی وسائل کے مشیر وی سری رام سے ملاقات کے بعد کہا کہ مرکزی وزیر آبی وسائل اوما بھارتی کی صدارت میں 21 ستمبر کو نئی دہلی میں کلیدی بورڈ کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹرس شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں کرشنا اور گوداوری ندیوں پر بنائے جانے والے آبپاشی پراجیکٹوں سے متعلق مسائل کی یکسوئی پر غور کیا جائے گا۔ اس اجلاس کا مقصد دو تلگو ریاستوں کے مابین آبی تنازعات کی یکسوئی ہے۔ دتاتریہ نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے چیف منسٹرس کا اجلاس قابل خیرمقدم ہے اور پراجیکٹوں کے بجٹ کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے دونوں ریاستوں کے تمام آبپاشی پراجیکٹوں کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت، دونوں ریاستوں سے انصاف کرنا چاہتی ہے کیونکہ سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد تملناڈو اور کرناٹک کے درمیان پیدا شدہ تنازعہ اس تلخ حقیقت کو ظاہر کرتا ہے۔