حیدرآباد۔/20جون، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش میں ڈی ایڈ ( ڈپلوما اِن ایجوکیشن ۔ ٹیچرس ٹریننگ ) بیاچ 2016-18 سے متعلق سال اول کے گزشتہ ماہ 17مئی تا 23 مئی منعقدہ امتحانی نتائج کا اعلان کیا گیا ۔ ڈائرکٹر سرکاری امتحانات حکومت آندھرا پردیش اے سبا ریڈی نے ڈی ایڈ سال اول امتحانی نتائج جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایڈ سال اول کے امتحانات میں ریاست بھر سے جملہ 66,428 طلباء و طالبات نے شرکت کی جن کے منجملہ 61,834 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح نتائج کا تناسب 98.08 فیصد رہا۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں ناکام قدیم نصاب کے ذریعہ امتحانات میں شرکت کرنے والے 224 طلباء و طالبات کے منجملہ 155 طلباء و طالبات نے کامیابی حاصل کی۔ اس طرح سابقہ ناکام طلباء وطالبات کے نتائج کا تناسب 46.40 فیصد رہا۔ سبا ریڈی نے بتایا کہ امیدواروں کے میمو آف مارکس www.bse.ap ویب سائیٹ پر دستیاب ہیں اور امیدوار اپنے ہال ٹکٹ نمبر کے ذریعہ ڈاون لوڈ کرلے سکتے ہیں۔ جبکہ اگر کوئی امیدوار ( طلباء و طالبات ) نشانات کی دوبارہ گنتی کروانا چاہتے ہوں تو وہ اپنی درخواستیں فی مضمون کیلئے 500 روپئے فیس ادا کرکے 29جون تک داخل کرسکتے ہیں۔ ریاستی ڈائرکٹر سرکاری امتحانات حکومت آندھرا پردیش سبا ریڈی نے مزید بتایا کہ نئے تعلیمی سال کو پیش نظر رکھتے ہوئے امتحانات کے انعقاد عمل میں آئے اندرون ایک ماہ نتائج کا اعلان کردیا گیا۔