سنگاپور کے وزیر کی چندرا بابو سے ملاقات ‘ امراوتی کی تعمیر کی راہ ہموار
حیدرآباد ۔ 25مئی ( این ایس ایس ) حکومت آندھراپردیش نے اپنے نئے ریاستی صدر مقام کی تعمیر کیلئے حکومت سنگاپور کے ساتھ آج ایک تعمیراتی منصوبہ جاری کردیا جو 7420مربع کلومیٹر علاقہ کی تعمیر پر مبنی ہے ۔ نیا صدر مقام وجئے واڑہ اور گنٹور کے درمیان دریائے کرشنا کے ساحل پر تعمیر کیا جائے گا ۔ بدھ شہر امراوتی سے موسوم نیا صدر مقام ریاستی حکومت کا پائے تخت ہوگا ۔یہ ایک ایسا شہر ہوگا جہاں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے آندھرائی عوام کام کرسکتے ہیں اور زندگی بسر کرسکتے ہیں ۔ تعمیراتی منصوبہ کے مطابق مرکزی منصوبہ جاتی علاقہ 854کلومیٹر ہوگا اور صدر مقام کا 217 مربع کلومیٹر پر محیاط ہوگا ۔ سنگاپور کے وزیراعظم کے دفتر میں وزیر اور وزیر دوم برائے صنعت و تجارت ایس ایسورن اور ان کی ٹیم نے آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو نئے صدر مقام امراوتی کی تعمیر کا ماسٹر پلان پیش کیا ۔ سنگاپور کے وزیر نے کہا کہ 2050 تک امراوتی کی ترقی کو ملحوظ رکھتے ہوئے ہی منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔امراوتی ماسٹر پلان کے پانچ کلیدی خدوخال میں تیز رفتار معاشی ترقی ‘ قابل سکونت ہندوستانی شہر کی تعمیر ‘ سڑک و فضائی رابطوں میں اضافہ ‘ فعال نقل و حرکت ‘ یقینی پائیداری اور عوامی راجدھانی شامل ہیں ۔ امراوتی ماسٹر پلان کی پیشکشی تین مرحلوں پر مشتمل منصوبہ کا دوسرا سنگ میل ہے ۔ دیہاتیوں کی طرف سے دی گئی اراضیات پر یہ نیا شہر تعمیر کیا جارہا ہے جس کے معاوضہ میں اراضی دینے والوں کو شہر کے پاش علاقوں میں رہائشی و تجارتی پلاٹس فراہم کئے جائیں گے اور مستقبل میںحاصل ہونے والے ترقی کے ثمرات بھی دیئے جائیں گے ۔