اے پی کے دارالحکومت کے نام پر لینڈ مافیا کا فروغ : ٹی ستیہ رام

حیدرآباد /24 ستمبر (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس نے آندھرا پردیش کے نئے دارالحکومت کے نام پر لینڈ مافیا کو فروغ دینے کا چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر الزام عائد کرتے ہوئے برسر خدمت جج سے تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ پارٹی کے سینئر قائد ٹی ستیہ رام نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد جھوٹے اور کبھی پورے نہ ہونے والے وعدوں کے ذریعہ اقتدار حاصل کرنے والی تلگودیشم نے اپنے دور اقتدار کے 100 دن مکمل ہونے کے باوجود آندھرا پردیش کی ترقی کے لئے ٹھوس اقدامات نہیں کئے، صرف بیان بازی سے کام لیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مسٹر نائیڈو ترقی کے بلند بانگ دعوے کر رہے ہیں، جب کہ ترقی و بہبود صفر ہے، صرف وعدوں کے ذریعہ عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو لینڈ گرابرس کے چنگل میں پھنس چکے ہیں، جو اپنے حامیوں اور تلگودیشم کے بے روزگاروں کو فائدہ پہنچانے کے لئے خصوصی منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مسٹر نائیڈو اور تلگودیشم کے منتخب عوامی نمائندوں کی کار کردگی قابل اعتراض اور ناقابل فہم ہے، جس کی وائی ایس آر کانگریس سخت مذمت کرتی ہے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ مسٹر نائیڈو کے اشاروں پر وجے واڑہ میں ناجائز قبضوں کو فروغ مل رہا ہے اور ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال ابتر ہو گئی ہے، جب کہ عام انتخابات کے بعد وائی ایس آر سی پی کے قائدین و کارکنوں پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔