حیدرآباد، 3 جون (یو این آئی) متحدہ آندھراپردیش کی تقسیم کے ذریعہ موجودہ آندھراپردیش سے کی گئی ناانصافی پر ریاست کی تعمیر نو کے نشانہ کے ساتھ منعقدہ پروگرام میں تلگودیشم کے بعض ارکان اسمبلی ،ارکان کونسل اور ارکان پارلیمنٹ کی عدم شرکت کا وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے سخت نوٹ لیا ہے ۔یہ پروگرام 6دن تک جاری رہے گا۔اس پروگرام میں شرکت نہ کرنے والے تلگودیشم پارٹی کے عوامی نمائندوں کو وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے انتباہ دیتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے پروگراموں میں شرکت کو یقینی بنایا جائے بصورت دیگر ان کے خلاف مستقبل میں کارروائی کی جائے گی۔وزیراعلی نے گزشتہ روز وجئے واڑہ کے بنز سرکل علاقہ میں اس پروگرام کا آغاز کیا اور موجودہ آندھراپردیش کی تعمیر نو کا حلف عوام کو دلایا تاہم اس پروگرام میں حکمران جماعت تلگودیشم کے بعض عوامی نمائندے غیر حاضر رہے ۔اس پروگرام کا مقصد ریاست کے نئے دارالحکومت امراوتی کی تعمیر اور ترقی تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ اس پروگرام میں تلگودیشم پارٹی کے 12ارکان اسمبلی، 3ارکان کونسل اور دو ارکان پارلیمنٹ نے شرکت نہیں کی جس کا وزیراعلی چندرابابونائیڈو نے سخت نوٹ لیا ۔