کڑپہ 5 جنوری (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے وزیر گنٹا سرینواس راؤ نے آج اپوزیشن لیڈر وائی ایس جگن موہن ریڈی کو ناتجربہ کار اور غیر مؤثر قرار دیا اور اُنھیں ریاست کی ترقی میں رکاوٹیں پیدا کرنے کا مورد الزام ٹھہرایا۔ انھوں نے پیش قیاسی کی کہ برسر اقتدار تلگودیشم پارٹی 2019 ء کے اسمبلی انتخابات میں اقتدار برقرار رکھے گی۔ یہاں پریس کانفرنس سے خطاب میں سرینواس راؤ نے چیف منسٹر این چندرابابو نائیڈو کی تعریف کی اور کہاکہ اُن کی قیادت میں ٹی ڈی پی ریاست کی ہمہ جہت ترقی کے لئے کام کررہی ہے۔ جنم بھومی ٹی ڈی پی کا ایسا باوقار پروگرام ہے جو عوام کے مسائل کی یکسوئی میں معاون ثابت ہورہا ہے۔ اس کے باوجود جگن نے اس پروگرام کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ ریاستی وزیر نے کہاکہ آندھراپردیش کی بدقسمتی ہے کہ اُسے جگن موہن ریڈی جیسا ناتجربہ کار اور نااہل اپوزیشن لیڈر ملا ہے، جو ریاست کی ترقی میں حائل ہے۔ جگن نے پٹی سیما کی بھی مخالفت کی جو آبپاشی پراجکٹ ہے۔